حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یورپ میں آیت اللہ سیستانی کے نمائندے حجۃ الاسلام و المسلمین سید مرتضی کشمیری نے لندن میں مسجد سکینہ ٹرسٹ میں نماز جمعہ کے خطبے میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی میلاد کی مناسبت سے گفتگو کرتے ہوئے عالم اسلام اور مسلم خواتین کو یوم خواتین کی مناسبت سے مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا: اگر ایک خاتون دنیا اور آخرت کی خوشبختی چاہتی ہے تو اسے حضرت صدیقہ طاہرہ سلام اللہ علیہا کی پیروی اور اپنے آپ کو حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے اخلاق سے آراستہ کرنا چاہئے۔
سید مرتضی کشمیری نے مزید کہا: خواتین کو معلوم ہونا چاہیے کہ ان کی آزادی گھر سے نیم عریاں باہر جانے میں نہیں ہے بلکہ ایک عورت کا کمال اس کا حجاب، پاکدامنی، پروردگار کی اطاعت اور گناہوں سے دوری میں ہے۔
آیت اللہ سیستانی کے نمائندے نے کہا: سورہ کوثر حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شان میں نازل ہوئی ہے اور شیعہ سنی مفسرین نے لکھا ہے کہ اس سے مراد علم، عبادت، شفاعت اور ظہوراسلام وغیرہ ہے لیکن اسباب نزول اور اس سورہ کے قرینے اس بات پر دلالت کرتے ہیں کہ اس سے مراد حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا ہیں۔
انہوں نے کہا: پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی نسل باقی ہے اور اس دنیا کے آخری دن تک باقی رہے گی جیسا کہ خود پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ہے: ’’ كل نسب وصهر منقطع يوم القيامة الا نسبي وسببي ‘‘ قیامت کے دن کے ہر حسب ونسب منقطع ہوجائے گا مگر میرا حسب و نسب باقی رہے گا۔
حجت الاسلام کشمیری نے کہا: حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نبوت اور امامت کے درمیان حلقہ وصل ہیں اور 12امام آپ کی نسل سے ہیں۔
انہوں نے آخر میں سورہ کوثر کی فضیلت بیان کرتے ہوئے نماز میں اس سورہ کو پڑھنے کی تاکید کی۔